بیجنگ (آئی این پی) چینی حکومت نے اپنی سست روی کی شکار معیشت میں جان ڈالنے کے لئے ٹیکنیکل جدت پسندی کے پانچ سالہ پروگرام ترتیب دیا ہے۔پروگرام کے مطابق جو سٹیٹ کونسل کی ایگزیکٹو کانفرنس میں منظور کیا گیا ،کہا گیا ہے کہ اس سے اقتصادی صورتحال مزید بہتر ہو گی اور اس کا معیار اپ گریڈ کردیا جائے گا کیونکہ اقتصادی ترقی کیلئے جدت پسندی ایک بنیادی طاقتور قوت ہے ۔اس موقع پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق سست رو معیشت کا مقابلہ کرنے کے لئے دنیا کی دوسری بڑی معیشت ( چین ) نے ٹیکنالوجیکل جدت پسندی پر عمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس سے معاشی حالت بہتر ہو جائے گی ، اس سلسلے میں مواصلات ، ادویات ، بیجوں کی صنعت ، کلین پول ،فائیو جی ٹیکنالوجی اور سمارٹ روبوٹس کی صنعتوں کو طاقت مل جائے گی اور وہ ترقی کریں گی ۔ماہرین کا خیال ہے کہ اس منصوبے سے 2020ء تک معاشی پیداوار میں ساٹھ فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے جو اس وقت 55.1فیصد ہے ، اس سے عالمی رینکنگ میں بھی چین کی پوزیشن بہتر ہو جائے گی۔اجلاس کی صدارت وزیر اعظم لی کی کیانگ نے کی ۔