ایبٹ آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں رہائش گاہ کو قبرستان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقہ بلال ٹاؤن میں موجود اْسامہ اراضی پر کینٹ بورڈ نے اس علاقہ کی عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا۔5 سال قبل 2 مئی 2011 کو امریکی میرینز نے اس کمپاؤنڈ پر فوجی آپریشن کیا جس میں مبینہ طورپر اْسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا۔اس واقعہ کے بعد ایبٹ آباد کمیشن نے اس کمپاؤنڈ کا دورہ کر کے مختلف زاویوں سے تحقیقات کیں اور بعد ازاں اس قلعہ نما کمپاؤنڈ کو کمیشن کے حکم پر مسمار کر دیا گیا۔خیبر پختو نخواہ حکومت نے اسامہ اراضی کی دعویداری کیلئے اشتہار بھی جاری کیا تاہم کوئی دعویدار سامنے نہ آنے کے بعد 4کینال 10مرلہ کی یہ اراضی صوبائی حکومت کے نام پر منتقل کر دی گئی، جہاں صوبائی حکومت نے تفریحی پارک بنانے کا فیصلہ کیا۔پارک بنانے کے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے میں تاخیر کے سبب کینٹ بورڈ انتظامیہ نے اس اراضی کے اطراف میں چار دیواری لگا کر یہاں ملحقہ علاقہ جات بلال ٹاؤن اورلویر جناح آباد کی عوام کیلئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔