ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں50 سے زیادہ مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے والی کمپنی اپنے عملے کو مفت رہائش دینے کی پابند ہو گی۔ متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت کے اس فرمان پر اس سال دسمبر سے عمل درآمد ہو گا۔ اس سہولت سے وہ مزدور فائدہ اٹھا سکیں گے جن کا ماہانہ مشاہرہ دو ہزار اماراتی درہم سے کم ہے۔ ان مزدوروں میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کے وہ لوگ شا مل ہیں جو متحدہ عرب امارات ملازمت کی غرض سے آئے ہیں۔ انسانی وسائل کے وزیر صقر غباش کے مطابق حکام کم تنخواہ پانے والے مزدوروں کے لئے بنائی گئی ان رہائشوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں گے۔ ایسی رہائشوں سے استفادہ کرنے والوں کی بڑی تعداد مرد حضرات کی ہوتی ہے۔کم تنخواہ پانے والے مزدوروں کے رہائشی حالات کا جائزہ لینے کے لئے انسانی وسائل کی وزارت پر مشتمل ماہرین نے کئی مہینے تک غور وخوض کیا۔ وزارت مزدوروں کے لئے مختص رہائشوں کا معائنہ کرتی رہتی ہے۔ نامناسب سہولیات فراہمی کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی 9.3 ملین آبادی کا اسی فیصد کم تنخواہ پانے والے مزدوروں اور گھریلو ملازمین پر مشتمل ہے۔