تہران(نیوزڈیسک+اے پی پی)بحرین اورایران میں ٹھن گئی،بحرین نے بڑا قدم اُٹھالیا،ایران کا شدید ردعمل،میں حکومت کی مخالفت سب سے بڑی شیعہ پارٹی وفاق نیشنل اسلامک سوسائٹی کو تحلیل کرکے اس کے تمام اثاثہ جات ضبط کرلینے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عدالت کا یہ حکم گزشتہ ماہ کی گئی حکومتی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں وفاق پارٹی کی تمام سرگرمیوں کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ العربیہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ وفاق کے تمام فنڈز بحرینی حکومت کو منتقل کردئیے جائیں گے۔وفاق نیشنل اسلامک سوسائٹی 2011ءسے بحرینی حکومت کے خلاف مظاہرے اور احتجاج کررہی ہے، جن میں شیعہ اکثریت کے لئے مزید سیاسی حقوق اور امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ سال 2011ءمیں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کے لئے کنگ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ہمسایہ خلیجی ممالک سے بھی افواج طلب کرلی تھیں اور ان مظاہروں کے دوران 30 شہری اور 5 پولیس والے ہلاک ہوئے تھے۔دریں اثناءایران نے بحرین کی عدالت کی جانب سے سیاسی جماعت الوفاق اسلامی کو تحلیل کرنے اور اس کے اثاثے منجمد کرنے کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے الوفاق کو تحیل کرنے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا رویہ ان لوگوں کے لئے راستہ صاف کر دے گا جو غیر محفوظ روش اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بحرین کی حکومت کے اس اقدام سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ موجودہ بحران کے حل میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے بحرینی حکام پر زور دیا کہ وہ اعتماد کی بحالی کے اقدامات سے معاشرے میں زیادہ سے زیادہ یکجہتی اور سنجیدہ و تعمیری مذاکرات کے لئے ضروری ماحول فراہم کریں۔