انقرہ(این این آئی)ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے ناکام فوجی بغاوت کے بعد کہا ہے کہ مسلم مبلغ فتح اللہ گولن کا دوست اْن کے ملک کا دوست نہیں ہو گا۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق اتوارکو ایک بیان میں یلدرم نے کہاکہ ایسے ملک کے ساتھ ترکی حالت جنگ میں ہو گا۔ ترک وزیراعظم کا گْولن مخالف بیان صدر رجب طیب ایردوآن کے اْس بیان کے تناظر میں ہے، جس میں ناکام فوجی بغاوت کا الزام امریکا میں مقیم مبلغ پر دھرا گیا تھا۔ انقرہ حکومت کا الزام ہے کہ فتح اللہ گْولن نے ترک حکومتی، تعلیمی، عدالتی اور فوجی ڈھانچے میں موجود حامیوں کی مدد سے ایک متوازی نظام قائم کر رکھا ہے۔دریں اثناء ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اپوزیشن جماعتوں اور فوجی بغاوت کی کوشش کے خلاف سڑکوں پر آنے والے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے پارلیمان کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں اپوزیشن جماعتوں اور فوجی بغاوت کی کوشش کے خلاف سڑکوں پر آنے والے عوام کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ فوج کے ایک گروپ کی جانب سے تختہ الٹنے کی سازش کے جواب میں بھرپور سیاسی اور عوامی ردعمل سے ترکی میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ اپنے خطاب میں یلدرم نے کہا کہ جمہوریت کا دفاع کرنے پر وہ ترک عوام کے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس قوم کا ایک فرد ہونے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ پارلیمان کے اجلاس میں اپوزیشن جماعت پیپلز ریپبلکن پارٹی کے سربراہ کمال کلیچدارواولو نے بھی تختہ الٹنے کی اس کوشش کی سخت مذمت کی۔