بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے ثالثی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے بیان پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان لو کانگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیان کی مخالفت کرتا ہے ، امریکی بیان کا مقصد حقائق سے آنکھیں چرانا اور ثالثی فیصلے کی تائید کرنا ہے جو کہ مکمل طورپر غیر آئینی اور فضول ہے، امریکہ اپنے قول فعل کا جائزہ لے اور غیر قانونی ثالثی کے لئے آگ سے کھیلنا بند کر دے ۔امریکی ترجمان کا یہ بیان عالمی قوانین کی روح کے خلاف اور بین الاقوامی تعلقات کی بنیادی نزاکتوں سے متصادم ہے ، امریکی حکام نے یہ بیان دے کر جانبداری کا ثبوت دیا ہے ۔انہوں نے امریکہ پر زوردیا کہ وہ اپنے قول فعل کا جائزہ لے اور غیر قانونی ثالثی کے لئے آگ سے کھیلنا بند کر دے ، وہ چین کی خود مختاری اور سلامتی کے مفادات کو کمتر خیال نہ کریں اور نہ ہی علاقائی کشیدگی میں اضافہ کریں ۔یا د رہے کہ چین کی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں توقع ظاہر کی تھی کہ چین اور فلپائن ثالثی فیصلے کی پابندی کریں گے ۔