نئی دہلی (این این آئی) بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں شاہی امام مولاناسیداحمدبخاری نے وادی کشمیر میں بھاری فورسز کی فائرنگ سے نوجوانوں کے قتل عام پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر میں حالات روز بروزبد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ مولاناسیداحمدبخاری نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز جس طرح سے نہتے کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہیں اس سے اندازہ ہوتاہے کہ بھارتی فورسز اسرائیلی فوج سے تربیت حاصل کرکے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔مولانابخاری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت امن وامان کو برقراررکھنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کشمیر پالیسی پر فوری طورپرنظر ثانی کرنی چاہئے کیونکہ تشدد کے ذریعے احتجاج کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اختلافات کو ختم کرنے کے لیے بالآخربات چیت کیلئے بیٹھناہوگا اور کشمیری عوام کواعتماد میں لیناہوگا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے اگر اپنی کشمیر پالیسی پر فوری طور نظر ثانی نہ کی تو کشمیر میں صورتحال دھماکہ خیز رخ اختیار کرسکتی ہے اور اس سے پورے بھارت میں امن وامان کی صورت حال پر منفی اثر پڑسکتاہے۔