برلن(آئی این پی)جرمن پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ روز فرینکفرٹ کے ایک قریبی قصبے فِیئرن ہائم کے ایک سینما گھر میں فائرنگ کرنے والا انیس سالہ شخص ایک جرمنی شہری تھا۔جرمن میڈیا کے مطابق پولیس نے مزید بتایا ہے کہ اس واقعے میں استعمال ہونے والے پستول سے صرف خالی کارتوس ہی فائر کیے جا سکتے تھے۔ ابھی تک اس واقعے کے محرکات کے بارے میں علم نہیں ہو سکا ہے۔ اس واقعے میں کوئی بھی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا جبکہ یہ مسلح نوجوان پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ حکام کو شبہ ہے کہ حملہ آور کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا اور وہ تنہا ہی اس کارروائی کا ذمہ دار ہے۔