جموں/نئی دہلی (آئی این پی)پٹھان کوٹ ائیر بیس پر دوبارہ حملہ،بھارتی فورسز کے ہوش اُڑ گئے،بھار ت کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی (پی ایس سی )برائے داخلہ امور نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض عسکریت پسند پٹھانکوٹ کے قریب دیہات میں چھپے ہوئے ہیں جو بھارتی فضائیہ کے ایئر بیس پر دوبارہ حملہ کرسکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی جو بین الاقومی سرحد کے ساتھ سیکورٹی کا جائزہ لینے کیلئے جموں میں موجود تھی نے ا س سے قبل پٹھانکوٹ کا دورہ کیا۔وزارت داخلہ سے وابستہ مستقل پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمینپی بھٹاچاریہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے حکومت کو تجاویز دی ہیں اور کہا کہ پٹھانکوٹ ائیر بیس پر دوبارہ حملہ ہوسکتا ہے ۔پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے دورے کے دوران ہمیں دیہاتیوں نے بتایا ہے انکے دیہات میں بعض عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔وہاں پھر دہشت گرد انہ حملہ ہونے کا خدشہ ہے۔کمیٹی کی سفارشات کے بعد حکومت نے ائیربیس کی سیکورٹی سی آر پی ایف ،بی ایس ایف اور فوج کے حوالے کرتے ہوئے انھیں الرٹ کردیا ہے ۔واضح رہے کہ 2جنوری 2016کو پٹھانکوٹ ائیربیس پر دہشتگردوں کے حملے میں بھارتی فوج کے 8اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 4حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔