لندن(این این آئی)برطانوی رکن پارلیمان جو کوکس کے قاتل تھومس مائر پر فرد جرم عائد کر دی گئی ، عدالت میں حاضری کے موقع پر اس قاتل نے اپنا نام غداروں کی موت، برطانیہ کے لیے آزادی بتایا۔ جو کوکس کے قتل نے برطانیہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جو کوس کے قتل کے ملزم تھومس مائر کو لندن کے ویسٹ منسٹر کے علاقے کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت کی طرف سے جب اْس کا نام پوچھا گیا تو اس کا جواب تھا، ’’میرا نام غداروں کی موت، برطانیہ کے لیے آزادی ہے‘‘۔ اس ملزم سے جب دوبارہ یہی سوال کیا گیا تو اس نے یہی الفاظ دہرائے۔ 15 منٹ تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائی میں تھومس مائر کے صرف یہی الفاظ تھے جو اس نے ادا کیے۔ مائر پر قتل، جسمانی طور پر شدید نقصان پہنچانا اور آتشیں اور دیگر اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ۔