ایلیا جزائری(این این آئی)ایران میں مجلس تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ اکبر ہاشمی رفسنجانی نے کہاہے کہ مجلس خبرگان رہبری کی ایک کمیٹی نے خفیہ طور پر مجلس کو دو نام پیش کیے جس کا مقصد مرشد اعلی علی خامنہ ای کے بعد ایران کی قیادت کے لیے ان افراد کی اہلیت پر غور کرنا ہے۔مجلس خبرگان رہبری ایرانی نظام میں بنیادی کمیٹی سمجھی جاتی ہے جس کو آئین نے مرشد اعلی کے تقرر اور معزولی کی ذمہ داری سونپ رکھی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رفسنجانی نے جو خود بھی مجلس خبرگان رہبری کے رکن ہیں، مجلس کے سامنے پیش کیے جانے والے دونوں ناموں کا ذکر نہیں کیا۔ تاہم انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجلس خبرگان میں قیادت کے لیے پیش کیے جانے والے ناموں کی عام اہلیت کو زیر بحث لانے والی ایک متعلقہ کمیٹی ، سیکڑوں افراد کے ساتھ مباحثے کے بعد دو افراد تک پہنچی جن کے نام خفیہ طور پر مجلس کے سامنے پیش کر دیے ۔رفسنجانی کے مطابق متعدد ماہرین دونوں ناموں کے تفصیلی جائزے پر کام کررہے ہیں تاکہ وقت پڑنے پر ان جائزوں کو مجلس خبرگان کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات ضرورت پیش آنے کے پیش نظر کیے جارہے ہیں۔