کوالالمپور(نیوز ڈیسک) ملائشیا کی حدود میں گزشتہ ہفتے غیرقانونی انڈونیشیائی مزدوروں کی کشتی ڈوبننے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 61ہو گئی ہے جبکہ 20انڈونیشیائی افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق ملائشین میری ٹائم اہلکار محمد ہمبالی یاکوپ کا کہنا ہے کہ ریسکیو ورکرز نے جو لاشیں نکالی ہیں ان میں 37مرد، 23خواتین اور ایک لڑکی شامل ہے۔ اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی لکڑی کی کشتی میں غیر مقامی مزدور انڈونیشیا کے سماٹرا صوبے میں اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ سمندری شوردیدگی کے باعث ملائشیا کی مرکزی ریاست سیلانگور کے ساحلی قصبے ساباک برنام کے قریب ڈوب گئی۔ ہمبالی نے سوموار کے روز کہا ہے کہ ڈوبنے والوں کی تلاش کا کام جاری رہے گا۔ اس قسم کے واقعات ملائشیا میں معمول سمجھے جاتے ہیں جہاں دو ملین کے لگ بھگ انڈونیشیائی مزدور غیرقانونی طور پر کام کر رہے ہیں۔