اسلام آباد(نیوزڈیسک)سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کے دوران اتحادی طیاروں نے باغیوں کی جانب سے کاتیوشا میزائل داغنے کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی مسلح افواج نے کارروائی کر کے یمنی سرحد کے اندر حوثیوں کے ان مکانات کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے جہاں سے کاتیوشا میزائل داغے جانے تھے۔قبل ازیں سعودی عرب کی بارڈر فورسز نے سرحدی شہر جازان کے ایک ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے والے حوثی باغیوں کا گھیراﺅ کر لیا تھا۔العربیہ ٹی وی محصور حوثیوں کے خلاف جاری کارروائی کی لمہ بہ لمحہ رپورٹنگ کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی فوج نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔حوثیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کے ترجمان بریگیڈئر جنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ یمن کے ساتھ پوری سرحد ممنوعہ علاقہ ہے۔ اگر دوسری جانب سے کسی قسم کی دراندازی کی کوشش کی جاتی ہے تو بارڈر فورسز اس کا سخت جواب دینے اور کسی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔گذشتہ شام سرحدی شہر ظہران کی طرف آنے والی حوثیوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی ۔