دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) کویت فنانشل سنٹر مرکز کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق متحدہ امارات سے اپنے وطن رقم بھیجنے والے کارکنوں میں پاکستانیوں کا دوسرا نمبر ہے اور سال 2014 میں پاکستانیوں نے تقریباً 4.1 ارب ڈالرپاکستان بھیجے۔ اس رپورٹ کے مطابق سال 2014 کے دوران متحدہ عرب امارات سے کل 20.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ باہر بھیجا گیا۔ پاکستانیوں کے بعد فلپائنی، بنگلا دیشی، مصری، انڈونیسیشیائی، سری لنکن اور یمنی شہریوں کا نمبر آتا ہے۔گلف تعاون کونسل کے ممالک، امریکا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیو ں نے سال 2014 میں مجموعی طور پر تقریباً 8 ارب ڈالر کی رقوم پاکستان بھیجیں۔حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے باہر بھیجے جانے والے زرمبادلہ پر ٹیکس لگانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے جس کے سبب یہاں کام کرنے والے غیر ملکیوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انتقال زر کا کام کرنے والے اداروں نے بھی اس تجویز کی مخالفت کی ہے اور اسے متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے خواہشمندوں کے لئے حوصلہ شکنی کے مترادف قرار دیا ہے۔