اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ارجنٹائن نے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے عوض شہریت حاصل کرنے کی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کی حکومت نے ملک میں سرمایہ لانے کے لیے سٹیزن شپ بائی انویسٹمنٹ پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت غیرملکی افراد مخصوص سرمایہ کاری کے ذریعے ارجنٹائن کی شہریت حاصل کرسکیں گے۔رپورٹس کے مطابق صدر ارجنٹائن جیویر میلی نے پیرس میں منعقد ہونے والے ’ارجنٹائن ویک‘ کے دوران اس پروگرام کا اعلان کیا۔ منصوبے کے تحت غیرملکی سرمایہ کار ملکی خزانے میں 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی براہ راست اور ناقابل واپسی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔دوسرے آپشن کے طور پر سرمایہ کار 8 لاکھ ڈالر مالیت کے سرکاری بانڈز خرید کر بھی پروگرام میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت اہل سرمایہ کار کے شریک حیات اور بچوں کو بھی شہریت حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ارجنٹائن حکومت کے مطابق سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے مالی وسائل ملک کی معاشی اور مالی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔وزارتِ معیشت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کے عمل کے دوران سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس عمل کا مقصد سرمایہ کے ذرائع کا سراغ لگانا، منی لانڈرنگ کی روک تھام اور قومی سلامتی سے متعلق تقاضوں کو یقینی بنانا ہے۔



















































