اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ مالی سال (یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک) کے دوران حکومتِ پاکستان نے مجموعی طور پر 10.1 ارب امریکی ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے۔تفصیلات کے مطابق، حکومت نے اس عرصے میں 29 مختلف بین الاقوامی قرضہ جاتی معاہدے کیے، جن میں کثیرالجہتی مالیاتی ادارے، دو طرفہ ترقیاتی شراکت دار اور کمرشل بینک شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران تصدیق شدہ غیر ملکی قرضوں کی کل مالیت 10,100.85 ملین ڈالر تھی، جن میں سے 6,682.4 ملین ڈالر کے فنڈز اسی عرصے کے دوران جاری کیے گئے۔وزارت اقتصادی امور نے پارلیمنٹ کو ان قرضوں کے منصوبہ وار استعمال سے متعلق مکمل تفصیلات بھی فراہم کی ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ یہ رقوم مختلف ترقیاتی منصوبوں، معاشی استحکام اور مالیاتی توازن کے لیے استعمال کی گئیں۔















































