اسلا م آبا د (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے اہم پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ملک بھر میں یکساں ماہانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور شدہ اس فیصلے کے تحت اب کراچی سمیت پورے ملک میں ماہانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ یکساں لاگو ہوگی۔ ماضی میں کے الیکٹرک اور دیگر علاقوں کے لیے الگ الگ ایڈجسٹمنٹ کا نظام رائج تھا۔یہ فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 19 اگست کے اجلاس میں لیے گئے فیصلے کی توثیق کے بعد سامنے آیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق بجلی کے نرخوں میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ، چاہے وہ کمی کی صورت میں ہو یا اضافے کی شکل میں، تمام صوبوں پر یکساں لاگو کی جائے گی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پورے ملک میں ایک جیسی نافذ کی جاتی تھی، تاہم اب ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی اسی طرز پر تمام علاقوں کے لیے یکساں ہوگی۔