اسلام آباد(این این آئی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی سمیت ملک بھر کے لییبجلی کے یکساں ٹیرف سے متعلق بڑا پالیسی فیصلہ کیا ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے لیے یکساں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویڑن کی تجویز منظور کرلی، ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ بجلی کی قیمت میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ ملک بھر کے لیے یکساں ہوگی۔فیصلہ کیا گیا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی یا اضافہ دونوں صورتوں میں ملک بھر کے لیے ایک جیسا ہوگاواضح رہے کہ اس وقت فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک اور باقی ملک کے لیے الگ الگ لاگو ہوتی ہے، جبکہ بجلی کا بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں ہوتی ہے۔نئے فیصلے کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی سہ ماہی اور بنیادی ٹیرف کی طرح ملک بھر کے لیے یکساں ہوگی۔