لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ایف بی آر حکام کے مطابق 30 ستمبر 2025 تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں اور انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔حکام کے مطابق یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ہوں گے۔ایف بی آر نے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز کیلئے ٹیکس ریٹرن کا آسان فارم بھی جاری کر دیا ہے جبکہ پاکستان میں ایک سال میں 183 دن یا زیادہ عرصہ قیام کی صورت میں گوشوارے جمع کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے ساتھ ساتھ پنشنرز کو بھی ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگا اور گوشوارے میں پراپرٹی سے حاصل ہونے والی آمدن بھی درج کرنا ہوگی جبکہ سال بھر کے دوران حاصل کردہ سروسز کے بدلے ادائیگی کی تفصیلات دینا ہوں گی۔بینک اکائونٹ سے حاصل منافع، ڈیویڈنٹ اور ودہولڈنگ ٹیکس کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔قابل منہا الانسز، ٹیکس میں کمی یا ٹیکس کریڈٹ کی تفصیلات شیئر کرنا ہوں گی جبکہ بینک اکانٹس، پراپرٹی اور ذاتی اثاثوں کی تفصیلات ڈیکلیئر کرنا ضروری ضروری قرار دیا گیا ہے۔ٹیکس ریٹرن آن لائن پر کرنے کیلئے 24 صفحات پر مشتمل فارم میں بینک اکائونٹ میں آنے والی اور نکلوائی گئی رقوم کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔