اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نواب شاہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آنے والے حادثے میں قیمتی لگژری گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ قاضی احمد ٹول پلازہ کے نزدیک پیش آیا جہاں کراچی سے لاہور جانے والا گاڑیوں سے بھرا ایک ٹرالر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرالر پر لدی 8 مہنگی گاڑیاں مکمل طور پر برباد ہو گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹروے پولیس نے ٹرالر کو چالان کے لیے روکا، اسی دوران پیچھے سے آنے والے دوسرے ٹرالر نے کاروں سے بھرے ٹرالر کو زور دار ٹکر ماری، جس کے باعث وہ الٹ گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ٹرالر نئی گاڑیوں سے بھرا ہوا تھا جن میں چار فارچونر، ایک ریو ڈالا اور تین کرولا گرینڈی کاریں شامل تھیں، جو حادثے کے بعد ناقابلِ استعمال رہ گئیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی کراچی سے اوکاڑہ جانے والا ایک ٹرک راستے میں لوٹ لیا گیا تھا، جو سولر پینلز سے بھرا ہوا تھا۔ اس واردات کے دوران ٹرک کے دونوں ڈرائیورز کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی 720 سولر پلیٹس غائب ہو گئی تھیں۔ ٹرک مالک محمد ابرار کے مطابق یہ ٹرک 23 مئی کو کراچی سے روانہ ہوا تھا، تاہم بعد میں شکار پور کے علاقے سے خالی حالت میں برآمد ہوا۔ متاثرہ مالک کا کہنا تھا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے تھانے گئے تو پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔