اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، اب غیر ملکی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت نہیں چھن سکے گیاسلام آباد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی میں “پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025” پیش کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شہریت سے متعلق سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ بل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور، طلال چوہدری کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا، جسے مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
طلال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مجوزہ قانون کے تحت اب اگر کوئی پاکستانی کسی دوسرے ملک کی شہریت اختیار کرے گا تو اُسے پاکستانی شہریت سے دستبردار ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان ممالک کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کیے ہیں جہاں دوہری شہریت کی اجازت دی جاتی ہے، اور انہی معاہدوں کی بنیاد پر یہ قانون سازی کی جا رہی ہے تاکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی شہری قانونی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے صدارتی آرڈیننس کے اجرا پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ قانون سازی صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ہونی چاہیے تاکہ جمہوری عمل کو فروغ دیا جا سکے۔اسی اجلاس کے دوران “موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیولپمنٹ بل 2024” بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو مزید فروغ دینا اور اسے باقاعدہ قانونی فریم ورک مہیا کرنا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دونوں بلز بیرون ملک پاکستانیوں اور مقامی صنعت کے لیے مثبت پیشرفت ثابت ہوں گے۔