(نیاسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکا نے سیاحتی اور کاروباری ویزوں کے لیے ایک نئی شرط متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کچھ ممالک کے شہریوں کو 15 ہزار ڈالر تک بطور ضمانت (بانڈ) جمع کرانا ہوگا۔ یہ اقدام اُن افراد کے خلاف سختی کے لیے کیا جا رہا ہے جو ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھی امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم رہتے ہیں۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، امریکی حکومت جلد ایک نیا پائلٹ پروگرام نافذ کرے گی جو مخصوص ممالک کے بی ون اور بی ٹو ویزا درخواست دہندگان پر لاگو ہوگا۔ یہ پروگرام 20 اگست سے عملی شکل اختیار کرے گا اور اس کا مقصد ویزا کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ بانڈ ان ممالک کے شہریوں سے وصول کیا جائے گا جہاں ویزا اووراسٹے (مقررہ قیام سے زیادہ رکنے) کا تناسب زیادہ ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے ویزا قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی آئے گی اور اس پروگرام کے تحت ایک سال میں تقریباً 20 ملین ڈالر کی آمدنی کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی، 2020 میں ٹرمپ انتظامیہ نے افریقی ممالک کے لیے اسی نوعیت کی اسکیم کا آغاز کیا تھا، جب کہ 2023 میں تقریباً پانچ لاکھ افراد پر مقررہ وقت سے زائد قیام کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔