کراچی(این این آئی)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے قیمتیں فکس کرنے کے شبہے پر گجرات میں فین مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپے مارے جہاں قیمتوں میں مبینہ ردوبدل اور کارٹل بنانے کے ممکنہ ثبوت حاصل کیے گئے۔کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق فین مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا، فین مینوفیکچرنگ کمپنیوں اور ایسوسی ایشن کے دفاتر کی سرچ اور انسپیکشن کی گئی اور قیمتیں فکس کرنے کے ڈیجیٹل شواہد اور ریکارڈ اکٹھا کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارٹل بنانے کے ممکنہ ثبوت حاصل کیے گئے ہیں، فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے پنکھوں کی قیمتیں فکس کرنے کے سرکلرز ملے ہیں اور پنکھوں کے مختلف برانڈز کی جانب سے ایک ہی تاریخ میں قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔کمپٹیشن کمیشن نے کہا کہ سیلنگ فین کے مختلف ماڈلز کی ایک ہی جیسی قیمتیں، کئی برانڈز نے ماڈلز کی بالکل یکساں قیمتیں مقرر کیں، پنکھوں کی قیمتیں ایک ساتھ تبدیل اور اضافہ کیا جاتا ہے۔کمپٹیشن کمیشن کا کہنا تھا کہ یکساں قیمتوں کے رجحانات مبینہ کارٹیلائزیشن کے شواہد ہیں۔