اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے شہریوں پرپیٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید بڑھا دیا اور فی لیٹر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 2 روپے 50 پیسے کا اضافہ کردیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق دونوں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں ڈھائی روپے اضافے کے بعد پیٹرول پر لیوی 75 روپے 52 پیسے سے بڑھا کر 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے سے بڑھا کر 77 روپے ایک پیسے ہوگئی ہے۔
وفاقی حکومت نے پیٹرول پرپیٹرولیم لیوی بڑھا کر کمی کا مزید ریلیف روک دیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی نہ بڑھائی جاتی تو قیمت میں اضافے کے بجائے کمی ہوسکتی تھی۔وفاقی حکومت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر کلائمٹ سپورٹ لیوی الگ سے وصول کر رہی ہے اور اس وقت دونوں پیٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر 2 روپے 50 پیسے کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 48 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔