اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ جو شہری اپنی پیٹرول پر چلنے والی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک میں تبدیل کریں گے، انہیں حکومت کی طرف سے ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “پلانٹ فار پاکستان” وژن کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربن فاریسٹ کے ذریعے پنجاب میں سبز علاقے بڑھانے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی مرتبہ اسموگ گنز متعارف کرائی جا رہی ہیں، جنہیں آئندہ روز میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر شہری اپنی روایتی لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کریں گے تو انہیں “کاربن گرین کریڈٹ” دیا جائے گا، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری کو فروغ دینا ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ “پلانٹ فار پاکستان” منصوبے کے تحت 5 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، اور ہم نے ہر درخت کی باقاعدہ نگرانی اور میپنگ کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے میں آسٹریلیا طرز کی ٹیکنالوجی کی تنصیب رواں برس مکمل کر لی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی فائرفائٹنگ فورس قائم کی جائے گی، جس کی نگرانی بینک آف پنجاب کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فاریسٹ لائن پر سے غیر قانونی قبضے ختم کرائے جا چکے ہیں، اور اب حکومت کا مقصد نہ صرف جنگلات کا دائرہ بڑھانا بلکہ ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہری اگر 1399 پر کال کریں تو پی ایچ اے کی جانب سے مفت پودے ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔ یہ سہولت لاہور کے شہریوں کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کا تحفہ ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق رنگ روڈ کے اطراف 3 لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اسموگ کا مسئلہ گزشتہ ایک دہائی سے موجود تھا، مگر موجودہ حکومت نے اس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن میں پنجاب ایئر کوالٹی سسٹم کے تحت 7 ایئر مانیٹرز کی تنصیب بھی شامل ہے۔آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ہوا کا معیار بہتر ہو سکے اور ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔