اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان بدستور برقرار ہے، جب کہ زرمبادلہ کی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بھی ہلکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہنڈرڈ انڈیکس 554 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 139,934 کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ نے 1 لاکھ 40 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کی تھی، تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات میں انڈیکس میں منفی رجحان دیکھا گیا اور مارکیٹ اختتام پر دباؤ کا شکار ہوگئی تھی۔پیر کو مارکیٹ میں مجموعی طور پر 23 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 21 کروڑ 39 لاکھ سے زیادہ شیئرز کا لین دین ہوا۔دوسری طرف، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 11 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق، امریکی ڈالر اب 283 روپے 10 پیسے کی سطح پر آ گیا ہے۔