اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کم قیمت گھروں کی تعمیر کو ممکن بنانے کے لیے سبسڈی اور رسک شیئرنگ اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے مطابق حکومت کم آمدنی والے طبقے کے لیے 50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو فروغ دے گی، جس کے تحت 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ساتھ ہی وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اہل افراد کی فہرست کے لیے مربوط ڈیٹا بیس تشکیل دے۔اجلاس میں ماحولیاتی پالیسی سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت پاکستان کی گرین اکانومی کو باضابطہ منظوری دی گئی ہے۔ اس اقدام سے ماحول دوست منصوبوں کو مالی مدد فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔دوسری جانب کمیٹی نے ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں مقامی سطح پر کمی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ قیمتوں پر مؤثر نگرانی بڑھائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ای سی سی کے اجلاس میں شپ بریکنگ کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں بجلی کے نرخوں پر نظرِ ثانی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ اس صنعت کو بہتر طور پر سہارا دیا جا سکے۔