کراچی(این این آئی)موبائل ڈیوائس فراڈ کے خلاف ایک بڑے کریک ڈائون میں،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے اپنے جدید بلاکنگ نظام ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے 8 لاکھ 26 ہزار چوری شدہ فونز اور 5 کروڑ 50 لاکھ جعلی ڈیوائسز بلاک کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کا تحفظ اور صرف رجسٹرڈ و قانونی ڈیوائسز کو قومی نیٹ ورکس پر فعال رکھنا ہے۔پی ٹی اے کی جانب 8 لاکھ 26 ہزار چوری شدہ اور5 کروڑ 50 لاکھ جعلی یا نقل شدہ موبائل فونز بلاک کردیے گئے ہیں، بلاکنگ نظام ڈی آئی آر بی ایس کے تحت رپورٹ شدہ ڈیوائسز پر کارروائی کی گئی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2019 سے اب تک 13 کروڑ 60 لاکھ موبائل فونز مقامی سطح پر تیار ہوئے ہیں، ان فونز میں 37 فیصد اسمارٹ فونز شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 2024 میں 3 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار جبکہ 2025 کے پانچ ماہ میں 1 کروڑ 20 لاکھ موبائل فونز مقامی سطح پر تیار ہوئے۔پی ٹی اے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی موبائل فونز کی 94 طلب مقامی پیداوار سے پوری ہوتی ہے، جبکہ پاکستان میں موبائل فونز کی کمرشل درآمدات کم ہوکر صرف 7 لاکھ رہ گئی ہے، موبائل فونز کی کمرشل درآمدات 2019 میں 1 کروڑ 62 لاکھ تھیں۔مقامی سطح پر موبائل فونز تیار کرنیوالی کمپنیوں کی تعداد 36 ہو گئی، جبکہ مقامی سطح موبائل فونز کی تیاری سے 60 ہزار نوکریاں پیدا ہوئیں، انفرادی درآمدی کیٹیگری سے گزشتہ 6 سالوں میں حکومت کو 83 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔