اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک اہم پیش رفت میں دونوں ممالک نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس رکھنے والے افراد کو ویزا کے بغیر آمد و رفت کی اجازت دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب جہانگیر عالم چوہدری کے درمیان ڈھاکہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کو وزارت داخلہ پہنچنے پر پرجوش استقبال کے ساتھ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے داخلہ نے داخلی سلامتی اور پولیس کی تربیت کے میدان میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے پاکستانی وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی ڈھاکہ آمد دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک مثبت سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے پاکستانی وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ جیسے اہم موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جس کی سربراہی پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کریں گے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ہی اسلام آباد کا دورہ کرے گا جہاں وہ سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا جائزہ لے گا۔