اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ڈالر کی قدر میں حالیہ دنوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے کرنسی مارکیٹ میں ریلیف محسوس کیا جا رہا ہے۔ صرف چند گھنٹوں کے اندر ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر دو روز میں 284.97 روپے سے گھٹ کر 284.25 روپے پر آ گئی، یعنی تقریباً 72 پیسے کی کمی ہوئی۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روز میں ایک روپے کی کمی کے ساتھ 288.30 روپے سے کم ہو کر 287.30 روپے پر آ گیا۔ مجموعی طور پر دو روز میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1.30 روپے کی کمی ہو چکی ہے۔اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا تھا کہ حوالہ اور ہنڈی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی بدولت ڈالر کی قدر میں مزید کمی متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے بھی انٹربینک مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری روک دی ہے، جس سے مارکیٹ میں ڈالر کی رسد بہتر ہو رہی ہے۔ملک بوستان نے عوام کو مشورہ دیا کہ ڈالرز خریدنے کے بجائے بیچ دیں کیونکہ کرنسی مزید سستی ہو سکتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کسی کو ڈالرز درکار ہوں تو وہ ایکسچینج کمپنیوں سے حاصل کر سکتے ہیں، مارکیٹ میں ڈالر کی کمی نہیں ہے۔ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 39 ہزار 800 پوائنٹس سے زائد پر ٹریڈ کر رہا ہے، جو کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی علامت ہے۔