برلن (این این آئی)دنیا کے بیشتر ممالک فری لانسرز اور آن لائن کام کرنے والے غیر ملکیوں کیلیے فری لانس ویزا اسکیمز کا اعلان کرتے ہیں جس کیلیے کچھ قواعد و ضوابط اور شرائط لاگو ہیں۔اس سلسلے میں جرمنی کا نیا فری لانس ویزا بھی متعارف کیا گیا ہے، یہ ویزا کیا ہے، اسے کیسے حاصل کیا جاتا ہے اور اس سے کیا فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں؟ مندرجہ ذیل سطور میں تفصیلات پیش کی جارہی ہیں، جو جرمنی جانے کے خواہشمند افراد کیلیے مفید اور کار آمد ثابت ہوں گی۔اگر آپ یورپ کے کسی خوبصورت، تاریخی اور ترقی یافتہ ملک میں خودمختار (فری لانس)کام کرنا چاہتے ہیں، تو جرمنی کا نیا فری لانس ویزا آپ کے لیے سنہری موقع ہو سکتا ہے۔یہ ویزا خاص طور پر ان افراد کے لیے ہے جو یورپی یونین کے رکن نہیں ہیں، یعنی بھارتی، پاکستانی اور دیگر غیر یورپی ممالک کے شہری بھی اس کے اہل ہو سکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ ویزا ایک سال کے لیے دیا جاتا ہے، اگر درخواست گزار مقررہ شرائط اور قوانین پر پورا اترتے رہیں تو اس ویزے کی مدت3 سال تک بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔مسلسل 5 سال جرمنی میں رہائش کے بعد زبان پر عبور اور مالی طور پر مستحکم ہونے کا ثبوت ظاہر کرنے پر آپ مستقل رہائش کے لیے بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔جرمن انکم ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 18 کے مطابق مندرجہ ذیل پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد فری لانس ویزا کے لیے اہل قرار پاتے ہیں۔ان افراد میں سائنسدان، فنکار، استاد یا تعلیمی کارکن، ڈاکٹر، دانتوں کے ڈاکٹر، ویٹرنری ڈاکٹر، وکیل، نوٹری، پٹنٹ ایجنٹ، انجینئر، آرکیٹیکٹ، سرویئر، کیمیا دان، اکانٹنٹ، ٹیکس کنسلٹنٹ، صحافی، مترجم، فوٹو جرنلسٹ، پائلٹ، معالج، تھراپسٹ اور دیگر آزاد (سیلف ایمپلائڈ ) پیشہ ور افراد شامل ہیں۔فری لانس ویزا کے لیے آپ کو مذکورہ دستاویزات تیار رکھنی ہوں گی جس میں سب سے پہلے کارآمد پاسپورٹ(جو 10 سال سے کم پرانا ہو، کم از کم دو خالی صفحات کے ساتھ)ویزا درخواست فارم (ریذیڈنس ایکٹ کے مطابق پر کیا گیا اور دستخط شدہ)۔ رابطہ اور قانونی نمائندگی کی تفصیل۔ کام کی مکمل تفصیل(آپ کیا کام کریں گے، کس کے لیے کریں گے، کنٹریکٹ یا لیٹر آف انٹینٹ)اس کے علاوہ آمدنی کی منصوبہ بندی اور سرمایہ کی تفصیل، سی وی، مصدقہ تعلیمی اسناد(یونیورسٹی ڈگری، تجربے کی تصدیق، ریفرنس لیٹر وغیرہ)ـجرمنی یا یورپ میں کاروباری روابط (مثلا کلائنٹس، کرایہ نامہ، اگر مکان لے چکے ہیں) کم از کم ایک سال کی مالی کفالت کا ثبوت۔ صحت کا بیمہ۔ اگر عمر 45 سال سے زائد ہے تو ریٹائرمنٹ کے لیے مالی تحفظ کا ثبوت (مثلا پینشن، اثاثے وغیرہ )حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر۔ ویزا فیس جو 75 یورو(تقریبا 2 ہزار 800 پاکستانی روپے کے برابر)جمع کرانا ہوں گے۔
نیشنل ڈی ویزا فارم مکمل کریں۔ اپنے ملک میں جرمن سفارت خانے یا قونصل خانے سے اپائنٹمنٹ لیں۔ تمام دستاویزات مکمل کرکے اپائنٹمنٹ کے دن جمع کروائیں۔ بائیومیٹرک ڈیٹا بھی دیا جائے گا۔پہلے آپ کو ایک عارضی ویزا (3 سے 6 ماہ) کا اجرا کیا جائے گا۔ جرمنی پہنچنے کے بعد 2 ہفتوں کے اندر اپنا پتہ رجسٹر کروائیں۔ اس کے بعد امیگریشن آفس جا کر مستقل فری لانس رہائش کا پرمٹ لیں۔یہ بات بھی ذہن نشین کرلیں کہ ویزے کی منظوری آپ کے پیشے، منصوبے، مالی حالت اور جرمنی کے مقامی حالات پر بھی منحصر ہے۔ زبان کی سمجھ بوجھ اور مناسب انشورنس حاصل کرنا فائدہ مند ہے۔ آپ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ آپ جرمنی میں رہ کر قانونی طور پر معقول آمدنی کما سکتے ہیں۔