اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی سستی کرنے کا فیصلہ کرلیا اور بجلی ایک روپے 71 پیسے سستی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کردی۔حکومتی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی ٹیرف سبسڈی میں اضافے کے ذریعے کی جائے گی۔وفاقی حکومت نے کمی کا اطلاق اپریل تا جون 2025 کے لیے کرنے کی تجویز دی ہے، وفاقی حکومت اس عرصے کے لیے ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ اضافی سبسڈی فراہم کرے گی۔
حکومت نے درخواست میں کے الیکڑک سمیت تمام کمپنیوں پر قیمت میں کمی کا اطلاق کرنے کی درخواست کی ہے۔نیپرا اتھارٹی 4 اپریل کو حکومتی درخواست پر سماعت کرے گی۔یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، اگلے چند روز میں میری باتیں ثابت ہوجائیں گی۔صحافی کے سوال کہ کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فائدہ عوام کو دیں گے؟ پر اویس لغاری نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم زبان کے پکے ہیں، ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں۔