اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی شدید قلت کا امکان بڑھ گیا ہے کیونکہ خوردنی تیل کی درآمد شدہ شپمنٹس کی کلیئرنس گزشتہ ایک ہفتے سے تعطل کا شکار ہے۔پاکستان ویجیٹیبل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے چیئرمین، شیخ عمر ریحان کے مطابق، پورٹ ٹرمینل پر مزید شپمنٹس اتارنے کی جگہ دستیاب نہیں، جبکہ کنسائنمنٹس سے بھرے جہاز بندرگاہ پر منتظر کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ کلیئرنس میں تاخیر کی وجہ سے جرمانے اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹم کے سافٹ ویئر کی بندش کے باعث اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور اگر فوری طور پر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو ملک کو خوردنی تیل کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔