کراچی(این این آئی)سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا، جس سے نئے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 35ڈالر کے اضافے سے 2612ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں جمعہ کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 3500روپے کے اضافے سے 272000روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3001روپے کے اضافے سے 233196روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی۔سونے کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔