حافظ آباد(این این آئی) اسسٹنٹ کمشنر حافظ آبادآصف نواز نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 17کروڑ مالیت کی ذخیرہ کی جانے والی گندم کی 70ہزار بوریاں برآمد کر کے متعدد گودام سیل کر دئیے ۔ ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حافظ آبادآصف نوازنے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ونیکی تارڑ کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کی اور اس دوران مختلف رائس ملز اور گوداموں پر چھاپے مار کر گندم کی 70ہزار بوریاں برآمد کر لیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر
آصف نواز نے خفیہ ادارے کی اطلاع پر ونیکی تارڑ میں حاجی خان محمد تارڑ رائس ملز پر چھاپہ مار کر گندم کی 50ہزار بوریاں جبکہ ظہیر احمد کے گودام سے 8ہزار ،اشفاق احمد اور ممتاز اینڈ کو کے گودام سے تین ،تین ہزار،ظہیر احمد چیمہ کے گودام سے 2ہزار جاوید احمد کے گودام سے 1ہزار جبکہ شاہ زیب کے گودام سے 3500بوری قبضہ میں لے کر تمام گودام سیل کر دئیے ۔ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کے قبضہ سے برآمد ہونے والی گندم کی قیمت تقریبا17کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔