لندن (آئی این پی ) میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کارانہ روابط اہم ہیں جبکہ چینی سفیر لیو شیاو منگ نے کہا چین میں اصلاحات اور کھلے پن سے برطانیہ کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ، لندن میں ہونے والی براہِ راست سرمایہ کاری میں چین کا تناسب بارہ فیصد ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق میئر لندن صادق خان نے برطانیہ میں تعینات چینی سفیر لیو شیاو منگ اور ایک سو پچاس سے زائد چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ سٹی ہال، لندن میں منعقدہ ایک استقبالیے میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے بریکزٹ سے وابستہ غیر یقینی کے تناظر میں چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کارانہ روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ چینی کاروباری ادارے اور بڑھتی ہو ئی چینی کمیونٹی لندن کے سماج میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صادق خان نے کہا کہ دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے طور پر چین، لندن کے نمایاں سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے لندن اور چینی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع دستیاب ہوں گے او ر باہمی معاشی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر برطانیہ میں تعینات چینی سفیر لیو شیاو منگ نے کہا چین میں اصلاحات اور کھلے پن سے برطانیہ کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ دو ہزار گیارہ سے تقریبا دو سو چینی کمپنیوں نے لندن میں اپنا کاروبار شروع کیا ہے۔اور اس سے روزگار کے اٹھائیس ہزار مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ لندن میں ہونے والی براہِ راست سرمایہ کاری میں چین کا تناسب بارہ فیصد ہے۔ چین نے لندن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، تخلیقی صنعت، فنانشل سروسز اور کاروباری خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ہے۔ حالیہ عرصے میں چین کے پوتنگ بینک نے لندن میں اپنی ایک نئی برانچ کھولی ہے اور چائنہ موبائل نے یہاں کاروبار شروع کیا ہے۔