کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) یوروبانڈز اور سکوک کی فروخت سے سب سے زیادہ قرضہ برطانیہ سے حاصل ہوا ، برطانوی سرمایہ کاروں نے 37 فیصدسکوک اور 55 فیصد یورو بانڈزخریدے۔وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق حال ہی میں حکومت نے ڈیرھ ارب ڈالر کے یورو بانڈز اور ایک ارب ڈالرکے سکوک فروخت کئے ہیں، یورواورسکوک بانڈز کی حالیہ فروخت میں سب سے زیادہ خریداری برطانوی سرمایہ کاروں نے کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی سرمایہ کاروں نے 37 فیصدسکوک بانڈز اور55 فیصد یوروبانڈزخریدے، دوسرے نمبرپر سکوک میں
دلچسپی کا اظہار کرنے والے سرمایہ کاروں کا تعلق مشرق وسطی سے ہے، مشرق وسطی کے سرمایہ کاروں نے 22 فیصد سکوک خریدے۔امریکی اوریورپ سرمایہ کاروں نے بھی سکوک اوریورو بانڈز خریدے۔حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کی جانب سے تقریبا آٹھ ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئی تھیں۔اس سے قبل وزارت خزانہ کے مطابق5.62فیصد شرح منافع پر ایک ارب ڈالرکے سکوک بانڈز پانچ سال کیلئے جاری کیے گئے، اس کے علاوہ ایک ارب پچاس کروڑڈالر کے دس سالہ یوروبانڈزجاری کیے گئے، ان پر شرح منافع 6.87 فیصد ہوگی۔