اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور معیشت کے فروغ کے لئے معاہدہ ہوگیا ٗروس پاکستان سے آلو درآمد کرے گا، اگلے مرحلے میں ماسکو کو کینو بھی برآمد کیا جائے گا۔آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبلز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالوحید کے مطابق پاکستان اور روسی حکام کے درمیان تجارت، معیشت، سائنٹیفک اور ٹیکنیکل سطح پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اس سلسلے میں وزیر دفاع
خرم دست گیر کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔روسی حکام پاکستان سے آلو کی درآمد پر رضامند ہوگئے ہیں، اس سے قبل صرف بارہ کمپنیوں سے آلو درامد کیا جا رہا تھا۔ایسوسی ایشن کے مطابق روس سے کینو کی برآمد پر بھی بات ہوئی ہے، امید ہے کہ جلد ماسکو کو کینو بھی برامد کیا جائے گا۔