لاہور (این این آئی) پاکستان ریلویز نے ایک سال کی مدت میں آن لائن ایک ارب روپوں کی ٹکٹیں فروخت کرنے کا ریکارڈ قائم کر لیا، پاکستان ریلویز کی ویب سائیٹ اور ایپ کی مدد سے روزانہ ٹکٹوں کی فروخت ایک کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سی ای او
پاکستان ریلویز اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آن لائن ایک ارب روپوں کی ٹکٹوں کی فروخت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز میں جدت اور سہولت کے نئے معیار متعارف کروائے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آن لائن ریزرویشن سے عوام کو سہولت ملتی ہے، اگلے سال پاکستان ریلویز اپنے ہی ریکارڈ توڑے،پاکستان ریلویز نے گذشتہ برس اکتوبر میں آن لائن تکٹوں کی فروخت شروع کی تھی، ایک برس میں ہزاروں مسافروں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان میں چلنے والی تمام ریزرویشن کے لئے دستیاب تمام ٹرینوں میں آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی فہد رحمان نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی سوا سو سال سے زائد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپلیکیٹ ٹکٹ کی سہولت فراہم کی، اب تک دس لاکھ روپوں سے زائد کی ڈپلیکیٹ ٹکٹیں جاری کر چکے ہیں۔