اسلام آباد (آئی این پی) وزارت پانی و بجلی تمام تر کوششوں کے باوجود واجبات وصول کرنے میں ناکام، وفاق ،صوبائی حکومتوں اور ملک بھر کے پرائیویٹ صارفین کے ذمہ واجبات ریکارڈ649.68 ارب روپے تک پہنچ گئے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمہ 123ارب روپے اورملک بھر میں پرائیویٹ صارفین کے ذمے 526.69 ارب روپے واجب الادا ہیں،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین کے ذمہ 34ارب،کوئٹہ
الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 187.9ارب،پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی کے87.4ارب،سکھرالیکٹرک سپلائی کمپنی کے 70.26ارب اور حیدرآبادالیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین کے ذمہ 42ارب روپے واجب الادا ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت پانی و بجلی تمام تر دعوؤں کے باوجود بجلی کے واجبات وصول کرنے میں ناکام ہوگئی‘ وزارت پانی و بجلی کے وفاق‘ چاروں صوبوں ‘ آزاد جموں وکشمیر اور پرائیویٹ صارفین کے ذمہ اپریل2017تک واجبات 649.68 ارب تک پہنچ گئے۔ دستاویزات کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمے وزارت پانی و بجلی کے 123ارب روپے واجب الادا ہیں جس میں 78.10ارب روپے آزاد جموں وکشمیر کے ذمے واجب الادا ہیں اسی طرح پنجاب کے ذمے 2.96 ارب‘ خیبرپختونخوا کے ذمہ مجموعی طور پر 21.2ارب روپے ‘ سندھ 7.69ارب‘ بلوچستان 6.70ارب‘ وفاقی حکومت 6.90 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں 526.69 ارب روپے نجی صارفین کے ذمے واجب الادا ہیں جس لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) کے صارفین کے زمہ 34ارب،گوجرانوا لہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) کے صارفین کے ذمہ 5.6ارب روپے،فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے صارفین کے ذمہ7.1ارب روپے ،اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) کے صارفین کے ذمہ3ارب روپے،
ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کے صارفین کے ذمہ25.1ارب روپے،پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے صارفین کے ذمہ87.4ارب روپے ،حیدرآبادالیکٹرک سپلائی کمپنی(حیسکو)کے صارفین کے ذمہ42ارب روپے،سکھرالیکٹرک سپلائی کمپنی(سیپکو)کے صارفین کے ذمہ70.26ارب روپے،کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے صارفین(بشمول زرعی ٹیول) کے ذمہ187.9ارب روپے اور ٹیسکو کے صارفین کے ذمہ32.2ارب روپے واجبات واجب الادا ہیں۔واضح رہے کہ وفاق،صوبائی حکومتوں اور ملک بھر کے پرائیوٹ صارفین کے ذمہ جون2015میں589.08ارب روپے ،جون2016میں 637.79ارب روپے واجبات تھے جو بڑھ کر اپریل2017میں 649.68ارب تک پہنچ گئے ہیں۔