اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نقد آور فصلوں کی قیمتوں میں پرکشش اضافے کے باعث پھلوں کی پیداوار کم ہوگئی۔ وزارت خوراک کا کہنا ہے چار سال کے دوران آم، کیلے اور دیگر پھلوں کی پیداوار میں ستر لاکھ ٹن کمی ہوئی۔ وزارت خوارک کے مطابق گندم، چاول اور گنے کی زائد قیمت کے بعد ان فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا، تاہم پھلوں کی پیداوار کم ہوگئی، وزارت خوراک کا کہنا ہے کہ ان فصلوں کا کسانوں کو زیادہ معاوضہ ملتا ہے، جس کے حصول کے لئے کاشت کار بڑی اور اہم فصلوں کی کاشت کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے ملک بھر میں آم، کیلا، امرود اور کھجور سمیت کئی فصلوں کی پیداوار کم ہوگئی، مالی سال دو ہزار نو سے دو ہزار تیرہ تک اہم پھلوں کی مجموعی پیداوار میں ستر لاکھ میٹرک ٹن کمی آئی۔ پاکستان ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گندم، چاول، کپاس اور گنے جیسی اہم فصلوں کی کاشت کے باعث پھلوں کی کاشت میں کمی آئی۔ کیونکہ ان کی کاشت سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔