نیو یارک(نیوز ڈیسک)اٹلی کی ٹینس سٹار فلاویا پینیٹا خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اپنی ہم وطن روبرٹا ونسی کو ہرا کر رواں سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کی فاتج بن گئی ہیں۔فلاویا نے براہ راست دو سیٹوں میں 6۔7، 2۔6 سے یہ کامیابی حاصل کی اور یہ ان کا پہلا گرینڈ سلیم خطاب تھا۔خیال رہے کہ انھوں نے یہ ٹائٹل 33 سال اور چھ ماہ کی عمر میں حاصل کیا ہے۔فلاویا نے گرینڈ سلیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر میں پہلی بار فاتح بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ہی اپنے پیشہ ورانہ ٹینس کو خیرباد کہہ دیا۔فلاویا نے کہا: ’ایک ماہ پہلے جب یہ ٹورنامنٹ شروع ہونے والا تھا اس سے پہلے ہی میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اس طرح سے میں ٹینس کو الوداع کہوں گی، یہ میرا آخری ٹورنامنٹ تھا اور میں اس کے بارے میں اس سے بہتر طریقے سے ختم ہونے کے بارے میں نہیں سوچ سکتی تھی۔‘فلاویا اور روبرٹا بچپن کی سہیلیاں ہیں اور اس بار کے امریکی اوپن میں دونوں نے زبردست اپ سیٹ کرکے پہلی پہلی بار فائنل میں قدم رکھا تھا۔پہلی بار گرینڈ سلیم مقابلے کے فائنل تک پہنچنے والی فلاویا نے جیتنے کے بعد کہا: ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں چمپیئن بنوں گی۔ یہ میرے پسندیدہ ٹورنامنٹ میں سے ایک ہے، میں یہاں کھیلنا پسند کرتی ہوں۔ میری ٹیم نے جو میرے لیے کیا اس کے لیے میں ان کی ضرور تعریف کروں گی اور اپنی دوست کے ساتھ کھیلنا بھی بہترین تھا۔ ہم ایک دوسرے کو اس وقت سے جانتے ہیں جب ہم بہت چھوٹے تھے، ہم نے اتنا وقت ساتھ گزارا ہے کہ ہم اپنی زندگی پر ایک کتاب لکھ سکتے ہیں۔‘دوسری جانب فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والی روبرٹا ونسی نے کہا: ’یہ مرحلہ مشکل تھا۔ پچھلے 24 گھنٹے سے میرے دماغ میں بہت سی چیزیں تھیں۔ لیکن میں فلاویا کے لیے واقعی بہت خوش ہوں۔جس کھلاڑی کو آپ کو ایک عرصے سے جانتے ہوں اس کے خلاف کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن فلاویا نے ناقابل یقین طور پر بہتر کھیل پیش کیا اور مجھے مبارک باد دینی ہوگی۔‘اس ٹورنا منٹ میں فلاویا کو 26 واں رینک حاصل تھا لیکن روبرٹا ونسی کو کوئی رینک حاصل نہیں تھا۔ ویسے ونسی کو عالمی درجہ بندی میں 43 واں رینک حاصل ہے لیکن انھوں نے سیمی فائنل میں خواتین کی ورلڈ نمبر ون سیرینا ولیمز کو شکست دے کر سب کو چونکا دیا تھا۔