اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )لاہور قلندرز کے بلے باز فخر زمان نےکہا ہے کہ ان کی قذافی اسٹیڈیم میں تین دن کی پریکٹس رنگ لے آئی ہے وہ تین دن تک پریکٹس کرتے رہے ہیں ، پلاننگ ہماری یہ تھی اگر پاور پلے میں کوئی وکٹ نہ گری تو پھر ٹارگٹ بڑا دے سکتے ہیں ۔
ہمارا پلان کامیاب رہا اور ہم بڑا ٹارگٹ دینے میں بھی کامیاب ہوئے ۔ فخر زمان کا کہنا تھا کہ پلان کے مطابق اگر 160 سے 170 رنز بن جائیں تو جس قسم کی بائولنگ ہے اس کا دفاع کر سکتے تھے ۔ دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے خلاف شاندار پرفارمنس پر لاہور قلندرز نے فخر زمان کو قلندرز سٹی میں پلاٹ اور آئی فون کا تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔ترجمان لاہور قلندرز کے مطابق سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا نے ٹیم میٹنگ میں فخر زمان کو تحفہ دیا۔ فخر زمان کو آئی فون بھی انعام میں دیا گیا۔ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں فخر زمان نے غیر معمولی پرفارمنس سے اپنا حق لیا ہے، فخر زمان کو اس تحفہ کا بہت انتظار تھا،اس طرح کی پرفارمنس جو بھی دے گا، لاہور قلندرز فیملی انعامات دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اس موقع پر ثمین رانا کی طرف سے مین آف دی میچ شاہین آفریدی کے لیے بھی کیش پرائز کا اعلان کیا گیا۔ شاہین شاہ افریدی کو اس سے پہلے پلاٹ بھی انعام میں ملا تھا جو انہوں نے نوجوان جلات خان کو دے دیا تھا۔قبل ازیں لاہور قلندرز نے اپنے ہوم گرائونڈ قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل8کا پہلا میچ پشاور زلمی کے خلاف کھیلا اور نئی تارخ رقم کر ڈالی۔ایچ پی ایل پی ایس ایل کے پندرہویں میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور عبد اللہ شفیق کی دھواں دھار اننگز کی بدولت پشاور زلمی کو جیت کیلئے 242رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
پشاور زلمی کیخلاف بیٹنگ کرتے پوئے لاہور قلندرز نے 20اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر241رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کا یہ اسکور پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا مجموعہ ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 247رنز 2021میں پشاور زلمی کے خلاف بنایا تھا۔اس کے علاوہ پی ایس ایل کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور 245رنز 2022میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بنایا تھا۔