ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے دبنگ خان کہتے ہیں کہ آج انہیں جو کامیابی ملی ہے درحقیقت یہ ان کی نہیں بلکہ ان سے منسلک ہزاروں لوگوں کی محنت کا نتیجہ ہے جو سامنے نہیں آتے۔اپنے ایک انٹرویو میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ ایک فلمی ستارے کی حیثیت سے حاصل ہونے والی شہرت کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، وہ ایک عام انسان کی طرح زندگی گزارتے ہیں، وہ 550 روپے کی ٹی شرٹ پہنتے ہیں، ان ان کے زیر استعمال کئی جینز 15 سال اور جوتے 20 سال پرانے ہیں۔ سلمان خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران بے شمار ہدایت کاروں اور مصنفین کے ساتھ کام کیا اوران سے ہی انہوں نے فلموں کے انتخاب کا طریقہ سیکھا ، آج وہ جس مقام پر ہیں اس میں ان کا اپنا نہیں بلکہ ان کہانیوں اورکرداروں کا ہاتھ ہے جو انہوں نے ادا کئے اوراس میں ہزاروں لوگوں کی محنت پوشیدہ ہے، جن میں ان کے والد سلیم خان، ہدایت کار سورج برجاتیا، دیپک بہری جیسے لوگ شامل ہیں۔ دبنگ خان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو سنجیدگی سے نہیں لیتے جب تک وہ ان کے کسی قریبی دوست یا ایسے شخص کی جانب سے نہ کی گئی ہو جو انہیں اچھی طرح جانتا ہو۔ لوگ ان پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن بالآخر انہیں ایک دن احساس ہوگا کہ وہ غلط تھے.