لاہور(این این آئی)سابق رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔جمشید دستی نے عمران خان سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔رکن قومی اسمبلی ابراہیم خان نے جمشید دستی کی شمولیت کرانے میں کلیدی کردار اداکیا۔
جمشید دستی نے گزشتہ دنوں عمران خان سے ملاقات کر کے شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر سینیٹر شوکت ترین، مسرت جمشید چیمہ،محمد ابراہیم خان،حسان خان نیازی اور سینیٹر اعظم خان سواتی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ جمشید دستی کی شمولیت سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی، جمشید دستی نے جرات کے ساتھ روایتی اور جاگیردارانہ سیاست کو للکارا،تحریک انصاف کی طرح جمشید دستی بھی کمزور طبقے کی آواز ہیں عوام کی سیاست کرنے والا ہر شخص پی ٹی آئی کو عوامی امنگوں کا ترجمان سمجھتا ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف اورعوام کو شعور دینے کی جدوجہد کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی لازوال جدوجہد میں شانہ بشانہ چلوں گا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے سابق رکن اسمبلی رائے حیدر صلاح الدین خاں کھرل نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جڑانوالہ سے مسلم لیگ (ن)کے رہنما رائے حیدر خاں کھرل نے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔