اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے عمران خان کو مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست میں وکیل کی ابتدائی بیان جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہری ساجد محمود کی
درخواست پر سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ جواب جمع کرانا چاہتے ہیں مگر آفس نے اعتراضات عائد کیے ہیں، آفس نے اعتراض کیا ہے کہ بائیو میٹرک کیلئے عمران خان کو خود آنا پڑیگا، چیف جسٹس نے کہاکہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کیلئے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں،آپ بائیو میٹرک کرا کے رسید ساتھ لگا دیں،سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ عمران خان نے استعفیٰ دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے،دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان اسلم بٹ نے وکالت نامہ جمع کروادیا، عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظورکرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اورکیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ٹیریان کی گارڈن شپ سے متعلق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 18 نومبر 2004ء کا ڈیکلریشن بھی پٹیشن کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے، اس ڈیکلریشن میں جمائما نے ٹیریان وائٹ کی گارڈین شپ اپنے پاس رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کیرولنا وائٹ کو دینے کا کہا تھا۔