لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جتنے بھی کھلاڑی تھے ان کے معاہدوں میں توسیع کر دی گئی ہے، انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی سی بی میں زیادہ تنخواہ لینے والوں سے بات کی ہے جو رہنا چاہتے ہیں رہیں ہم تنخواہوں میں کمی کریں گے،
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ میں جمہوریت واپس آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منظوری لے لی ہے، قومی ٹیم میں جلد دو بڑی کرسیاں ہلنے والی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی نے غیر ملکی کوچز کی تقرری، پی سی بی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کے فیصلے پر رد عمل میں امریکا کے سابق باسکٹ بال پلیئر میجک جانسن کے الفاظ شیئرکر دیئے۔گزشتہ روز نجم سیٹھی کی صدارت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل، ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کردی جائے گی،پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کردیا جائے گا۔جونیئر لیگ کو شروع کروانے والے رمیز راجا نے امریکا کے سابق باسکٹ بال پلیئر میجک جانسن کے الفاظ شیئر کیے کہ تمام بچوں کو ذرا سی مدد اور امید کی ضرورت ہوتی ہے، ساتھ ہی انہیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ان پر بھروسہ کرے۔سابق چیئرمین نے لکھا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی اور اسے ختم کردیا گیا، یہاں تک کہ پی جے ایل کے 7 بچوں نے پی ایس ایل 8 کی ایمرجنگ کیٹیگری میں جگہ بنائی اور ان میں سے 3 پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے ریزرو کھلاڑیوں میں ہیں۔