اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈکپ میں گروپ جی کے میچ میں 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیلین ٹیم نے سربیا کو دو صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغازکر دیا۔جیو نیوز کے مطابق لوسیل میں
برازیل اور سربیا کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا، البتہ دوسرے ہاف میں برازیل کی ٹیم چھا گئی، اُن کی جانب سے پہلا گول رچرلیسن نے 62 ویں منٹ میں کیا، دوسرا گول بھی رچرلیسن نے 73ویں منٹ میں اسکور کیا۔ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے میچ میں برازیل کے فٹبالر رچرلیسن کا شاندار گول سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں برازیل کے رچرلیسن نے سربیا کے خلاف 2 گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔رچرلیسن کا میچ کے 73 ویں منٹ میں کیا گیا دوسرا گول سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ رچرلیسن کی انجری کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک تھی تاہم سربیا کے خلاف کیے گئے گول نے مداحوں کو یقین دلا دیا کہ فٹبالر بالکل فٹ ہیں۔