لاہور (این این آئی) سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے بنائی گئی تیسری جے آئی ٹی کو بھی تحلیل کر دیا گیا ہے ،(آج)اتوار کو ساڑھے گیارہ بجے صوبائی وزیر پارلیمانی امور اور کابینہ کی کمیٹی کے
چیئر مین محمد بشارت راجہ کی صدارت میں اجلاس ہوگا جس میں جے آئی ٹی کے نئے سربراہ اور ممبران کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا ۔پنجاب حکومت کے ایک سینئر وزیر نے نام نہ ظاہر کر نے کی شرط پر بتایا کہ تین مرتبہ جے آئی ٹی تشکیل دی جاچکی ہے لیکن اعلیٰ پولیس افسران کے اعتراضات کے بعد جے آئی ٹی میں تبدیلیاں کی گئیں ۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہاکہ جے آئی ٹی کا سربراہ جونیئر افسر کو بنایاگیا ہے لہذا وہ اس جے آئی ٹی میں شامل نہیں ہونگے جس کے بعد تین مرتبہ انہی وجوہات کی بناء پر جے آئی ٹی تحلیل کی گئی ۔ اتوار کو ہونے والے اجلاس میں جس کی صدارت راجہ بشاورت کرینگے میں آئی جی پنجاب ، مشیر داخلہ سے چار سینئر پولیس افسران کے نام مانگے جائینگے جن میں سے ایک کو اس جے آئی ٹی کا سربراہ بنایا جائیگا ۔دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بھی جے آئی ٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔پہلے جو آئی ٹی اس لئے تحلیل کی گئی کہ ان کے نام سابق آئی جی اور آئی جی فیصل شاہکار نے دیئے تھے جس سے عمران خان بڑے ناراض تھے اور کہاکہ جو آئی جی نے نام دیئے وہ شامل نہ کئے جائیں ۔