لاہور( این این آئی )چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی مزید 50 چینی کمپنیوں کو گوادر فری زون فیز IIمیں لانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ گوادر فری زون کے 60 ایکڑ پر محیط فیز I نے پہلے ہی 38 چینی اور 12 پاکستانی فرموں کو راغب کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہلکار
نے تفصیلات میں بتایا کہ ایک یا دو سال کے اندر ہم 50 مزید کمپنیوں کو نارتھ فری زون میں لانے کے لیے تیار ہیں۔ فیز II میں آنے والی چینی کمپنیاں بڑی اور نمایاں کمپنیاں ہیں جو گوادر میں صنعت کاری کو بڑا فروغ دیں گی۔اہلکار نے ساحلی شہر میں پانی اور بجلی کی کمی کو مستقبل کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ سی او پی ایچ سی دو بڑے مسائل کو ختم کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے پہلے ہی 1 ملین گیلن یومیہ کی صلاحیت کا ڈی سیلینیشن پلانٹ نصب کیا ہے جسے ہم اگلے پانچ سے آٹھ سالوں میں 5 ملین گیلن یومیہ تک بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ گوادر کے مکینوں کو اپنے 15 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ سے 5 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔وفاقی حکومت 550 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے پورٹ سٹی کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر رہی ہے۔ تاہم ہماری رائے میں مستقل بنیادوں پر بجلی کی بندش کو ختم کرنے کے لیے مقامی حل بہترین ہوگا۔